منگل, جون 16, 2026
اشتہار

وزیراعظم کی بیجنگ میں چینی وزیراعظم سے ملاقات ، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ : وزیراعظم شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ایک انتہائی اہم ملاقات کی، جس میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے پس منظر میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کی جانب سے کیے جانے والے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کی آہنی دوستی باہمی اعتماد، امن اور مشترکہ ترقی کے عزم پر استوار ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بنیادی قومی مفادات سے متعلق تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا، جس کے تحت اب صنعتکاری، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وزیراعظم نے چین کے 5 سالہ منصوبے اور ‘اڑان پاکستان’ کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو تیز کرنا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی قومی ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ملاقات میں خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی خلائی مشن کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب اسٹریٹیجک شعبوں میں دونوں ممالک کے گہرے تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پاک چین شراکت داری کو ایک عملی، نتیجہ خیز اور اعلیٰ معیار کے نئے مرحلے میں داخل کیا جا سکے۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں