لاہور: وزیراعظم نوازشریف کا کہناہے کہ ریاستی اداروں کی قربانیوں نےدہشت گردی کےمراکزکاخاتمہ کردیا، جبکہ انتہاپسندی کے دروازے بند کرنے کے لیے علما کردار اداکریں۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں عالمی سیرت النبیﷺ کانفرنس2016 میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ علما جدید مسلم ریاست کے قیام کے لیے رہنمائی کریں۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ حضرت محمدﷺنے باہمی تعلقات کےلیے انسانی حقوق کا چارٹر پیش کیا۔انہوں نےکہا کہ کیادوسرےمذاہب اوراقوام کےساتھ حضور ﷺکے چارٹرکےمطابق تعلقات استوارکیے؟۔
انہوں نے کہا کہ دنیا متفق ہے کہ جدید ریاست قائم رکھنے کےلیے آئین کی ضرورت ہے،جبکہ معاشرے کی پہلی اینٹ انسانیت کا احترام ہے۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ حضوراکرم ﷺنے انسانی جان کی حرمت کو بیت اللہ کی حرمت قرار دیا۔کیا ہم نے وہ معاشرہ قائم کیا جس میں انسانیت کا احترام کیاجاتاہے؟۔
انہوں نے کہا کہ علما اوراسکالرز معاشرے اور ریاست کی رہنمائی کریں ساتھ ہی ان کا کہناتھا کہ بدقسمتی ہےکہ دین سےاخلاق سیکھنے کے بجائے عصبیت بنا دیا۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ گزشتہ سالوں میں اختلاف رائے کی بنیاد پر گلے کاٹے گئے،ہماری کوششوں سے فساد کا دروازہ بڑی حد تک بند ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا اب انتہاپسندی کا وہ دروازہ بند کرنا ہےجس کی بنیاد دہشت گردوں نے رکھی ہے۔