ہفتہ, اکتوبر 10, 2026
اشتہار

قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی جیسی طبی سہولیات دینے کا معاملہ وفاقی آئینی عدالت پہنچ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی جیسی طبی سہولیات دینے کا معاملہ وفاقی آئینی عدالت پہنچ گیا ، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان  کو حاصل طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا۔

درخواست میں وفاقی آئینی عدالت سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کا پابند بناتا ہے، لہٰذا جو طبی سہولیات بانی پی ٹی آئی کو دستیاب ہیں، وہی سہولیات انہیں بھی فراہم کی جائیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم اب بھی موجود ہے، سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی طرح نجی اسپتال میں علاج کی سہولت مانگنے والے 3 قیدیوں کی درخواستیں مسترد

قیدیوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کا علاج بھی شفا انٹرنیشنل اسپتال سے کرانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی طرز پر واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک موجود افراد سے بات چیت کی سہولت بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ قانون اور آئین کے تحت تمام قیدیوں کو مساوی بنیادی حقوق اور مناسب طبی سہولیات ملنی چاہئیں۔

خیال رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرح نجی اسپتال سے علاج کرانے اور بیرون ملک موجود اہلخانہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی سہولت فراہم کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے تینوں قیدیوں کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں