کراچی : جدہ سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، کپتان نے طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا۔
تفصیلات کے مطابق جدہ سے لاہور پہنچنے والی نجی ایئرلائن ‘ایئربلیو’ کی پرواز حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی، لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز جب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے قریب تھی تو ایک پرندہ اچانک طیارے کے انجن نمبر ون سے جا ٹکرایا۔
خوش قسمتی سے کپتان نے طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا، تاہم تکنیکی معائنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر کے انجینئرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
طیارہ گراؤنڈ ہونے کا براہِ راست اثر متبادل پروازوں پر پڑا، لاہور سے کراچی جانے والی ایئربلو کی شیڈول پرواز ‘PA-401’ کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود روانہ نہ ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پرواز کو صبح 10 بجے کراچی کے لیے اڑان بھرنی تھی، مگر طیارے کی عدم دستیابی اور تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
گھنٹوں انتظار اور ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے مبہم جوابات پر مسافروں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور انہوں نے لاؤنج میں شدید احتجاج کیا۔
مسافروں کا مؤقف تھا کہ پرواز میں تاخیر کے باعث ان کے اہم کاروباری اور ذاتی کاموں کا حرج ہو رہا ہے، جبکہ انتظامیہ متبادل طیارے کا انتظام کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق انجینئرز کی ٹیم طیارے کے انجن کا معائنہ کر رہی ہے اور کلیئرنس ملتے ہی یا متبادل طیارے کا بندوبست ہوتے ہی مسافروں کو روانہ کر دیا جائے گا۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


