نجی ایئرلائن کی حج پرواز میں تاخیر کے باعث 250 سے زائد پاکستانی حجاج جدہ ایئرپورٹ پر رُل گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جدہ سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی حج پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث پی کے 860 کے 250 سے زائد حجاج کو پریشانی کا سامنا ہے۔
متاثرہ حجاج کا کہنا ہے کہ صبح 4 بجے کی فلائٹ تھی 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود جہاز نہیں پہنچا ہے۔
حجاج کا کہنا ہے کہ بے یارو مددگار ہیں کوئی پاکستانی افسران مدد کے لیے موجود نہیں، پرواز نے صبح 10 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا لیکن اب کچھ بتایا نہیں جارہا ہے۔
متاثرہ حجاج نے کہا کہ ہمیں صبح 4 بجے ہوٹلوں سے نکال کر ایئرپورٹ لایا گیا ہے۔ حجاج نے اپیل کی ہے کہ حکام صورت حال کا نوٹس لیں۔
یہ پڑھیں: حجاج کرام کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی
واضح رہے کہ 30 مئی کو 165 حجاج کرام کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد پہنچی تھی جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر اسلام آباد ایئرپورٹ آفتاب گیلانی نے ان کا استقبال کیا تھا۔
ایئرپورٹ منیجر، اے ایس ایف سمیت ایئرپورٹ حکام نے بھی حجاج کو خوش آمدید کیا تھا۔
حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق حجاج کرام کی واپسی کا مرحلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔


