کراچی : آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے کیمبرج پرچے آؤٹ ہونے پر تشویش کرتے ہوئے کہا امتحانات فیڈرل بورڈ کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی نے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے پرچے آؤٹ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ او اور اے لیول کے امتحانات کو فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے ساتھ منسلک کیا جائے۔
حیدر علی کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ اسلام آباد بین الاقوامی تجربے، مکمل سیکریسی اور ڈیجیٹائزیشن میں بہترین ساکھ رکھتا ہے، لہٰذا کیمبرج امتحانات ملک کی سطح پر فیڈرل بورڈ یا آغا خان بورڈ کے کنسورشیم کے تحت منعقد کروائے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ ابتر صورتحال کے ازالے کے طور پر جون سیریز میں رجسٹرڈ طلبہ کی اگلی سیریز کے باقی ماندہ پرچوں کی فیس معاف کی جائے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن نے نشاندہی کی کہ سالانہ 50 ارب روپے سے زائد زرمبادلہ خرچ ہونے کے باوجود کیمبرج کا امتحانی نظام مقامی بورڈز سے بھی کمزور ثابت ہو رہا ہے۔
حیدر علی نے وفاقی وزیر تعلیم اور IBCC سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے ترین امتحانات میں پرچے لیک ہونے سے لاکھوں طلبہ، والدین اور اساتذہ شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اکثر مقامی بورڈز میں پیپر لیک ہونے کی کوئی شکایت نہیں، جس کے مقابلے میں کیمبرج کی سیکریسی ناکام نظر آتی ہے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


