اسلام آباد : پرائیویٹ اسکولوں پر 1 ماہ سے زائد ایڈوانس فیس لینے پر پابندی عائد کردی گئی، ی خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ، آڈٹ اور سیل کرنے جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی طور پر چلنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ طلبہ کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو بھاری جرمانہ، آڈٹ اور سیل کرنے جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
والدین کے استحصال کو روکنے کے لیے پیرا نے فیسوں کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی، جس کے مطابق نجی اسکول اب ایک ماہ سے زیادہ کی فیس پیشگی وصول کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
تعلیمی سیشن کے 12 مہینوں سے زائد کسی بھی قسم کی فیس وصولی کو مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے جبکہ والدین سے اضافی یا غیر قانونی فیسیں لینے والے اداروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ والدین اور طلبہ کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ والدین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک خصوصی شکایت سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد سب کے لیے لازم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


