بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی کی جانب سے فلم ’ہلچل‘ کو برا تجربہ کہنے پر ہدایت کار پریا درشن کا ردعمل آگیا۔
بھارتی فلمساز پریا درشن نے ادکار ارشد وارثی کے 2004 کی کامیڈی فلم ’ہلچل‘ کے بارے میں حالیہ ریمارکس کو شدید تکلیف دہ قرار دیا ہے۔
ہلچل میں اکشے کھنہ، کرینہ کپور، پریش راول، سنیل شیٹی، جیکی شیروف نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور ارشد نے فلم میں اکشے کھنہ کے دوست کا کردار نبھایا تھا۔
ارشد وارثی نے حالیہ انٹرویو میں فلم کو خراب تجربہ قرار دے کر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ فلم میں میرا کردار اہم ہوگا جس کا موازنہ ’ہیرا پھیری‘ میں اکشے کمار کے کردار سے کیا جاسکتا ہے تاہم شوٹنگ شروع ہونے کے بعد احساس ہوا کہ یہ معاون کردار ہے۔
اب فلمساز پریا درشن نے کہا ہے کہ وہ ارشد کے بیان کو پڑھ کر حیران رہ گئے، میں نے سوچا کہ ان کے بیان کی غلط تشریح کی گئی ہو لیکن اگر انہوں نے ایسا کہا ہے کہ تو میں حیران ہوں۔
ہدایت کار کے مطابق فلم کی ریلیز کے بعد ارشد نے انہیں فون کیا تھا اور کہا تھا کہ پریا سر میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے اس طرح کی تعریف ملے گی، جب یہ میری ہٹ فلموں میں سے ایک ہے تو وہ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں؟
واضح رہے کہ ارشد وارثی، پریا درشن کی فلم میں کام کررہے ہیں جبکہ ان کی آنے والی فلموں میں ’دھمال 4‘ اور ’کنگ‘ شامل ہیں۔


