ممبئی: بالی وڈکی خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا کےسابق مینجر نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ نے دو سے تین مرتبہ خودکشی کی کوشش کی تاہم وہ انہیں بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
پریانکا کے سابق مینیجر پراکاش جاجو نے یہ دعویٰ ٹی وی شو بگ باس کے شرکا میں شامل اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی دو روز قبل خودکشی کے بعد کیا ہے۔
ٹویٹرپر انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی میں تنہا لڑکیوں کے لئے زندگی خطرات سے بھرپور ہے، شراب اور نشہ آوراشیا ان کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پریانکا مضبوط نظر آتی ہیں لیکن اپنی جدوجہد کے دنوں میں وہ انتہائی کمزور شخصیت کی مالک تھیں اور انہوں نے دو سے تین مرتبہ خودکشی کی کوشش کی۔
تاہم پریانکا کے سابق مینجر کا یہ دعویٰ تاحال تصدیق طلب ہے کیوں کہ پریانکا نے ان کے ساتھ معاہدہ ختم کرردیا ہے اور جاجو نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کررکھا ہے۔
پریانکا کے سابق مینجر جاجو اداکارہ کے والد کی طرف سے دائر کردہ مقدمے میں 67 دنوں کی جیل بھی کاٹ چکے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ جاجو نے پریانکا کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔