بھارت میں جی 20 اجلاس سے قبل دیواروں پر نامعلوم افراد کی جانب سے خالصتان کے حق میں نعرے لکھ دیے گئے جس کے بعد پولیس کی دوریں لگ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کو رواں سال جی 20 اجلاس کی میزبانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور اس حوالے سے نئی دہلی میں تیاریاں بھی جاری ہیں۔
اجلاس میں 29 ممالک کے سربراہاں کی شرکت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سمیت 14 بین الاقوامی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔
9 سے 10 ستمبر تک جاری رہنے والے اس غیر معمولی اجلاس سے قبل ہی نئی دہلی کے میٹرو اسٹیشن و دیگر جگہوں پر خالصتان کے حق میں لکھے نعرے دیکھ کر جہاں حکام سیخ پا ہوئے وہیں پولیس کو بھی حرکت میں آنا پڑا۔
In more than 5 metro stations somebody has written 'Delhi Banega Khalistan and Khalistan Zindabad'. Delhi Police is taking legal action against this: Delhi Police pic.twitter.com/T6U5myjZyv
— ANI (@ANI) August 27, 2023
نئی دہلی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دیں۔ اس حوالے سے میٹرو اسٹیشن اور دیگر مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس نے دیواروں پر لکھے نعروں کو مٹانے کی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس حکام کے مطابق سکھس فار جسٹس (ایس ایف جے) کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیواروں پر نعرے لکھے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس افواہوں اور اشتعال انگیز مواد کے پھیلاؤ کو روکنے، جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرنے اور شہر میں شاپنگ مالز، بازاروں اور مذہبی مقامات پر سکیورٹی پر توجہ دینے کیلیے سوشل میڈیا پر نظر رکھے ہوئے ہے۔