کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ میں مستحق افراد کوگھر کی دہلیز پر امداد پہنچانے کا عمل قابل تعریف ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کو ویڈیو لنک پر وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران لاڑکانہ میں کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
مراد علی شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ لاڑکانہ میں ساڑھے13 ہزار مستحقین میں راشن تقسیم کیاگیا،3 ہزار 313 خاندانوں میں فی خاندان 6 ہزار زکوٰة فنڈ سے تقسیم کیے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ،مال اور صحت کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے،وفاق پر لازم ہے صوبوں کوصحت کے حوالے سے فوری فنڈز فراہم کرے، اس وقت تک صوبوں کو وفاق کی جانب سے کوئی بھی اضافی رقم نہیں ملی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ میں مستحق افراد کوگھر کی دہلیز پرامداد پہنچانے کا عمل قابل تعریف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت دوبارہ ٹھیک ہوسکتی ہے، زندگیاں دوبارہ نہیں لوٹائی جاسکتیں۔
سندھ حکومت کے اقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پراعتماد مضبوط ہوا ہے۔