پشاور : پروکٹر اینڈ گیمبل نے پاکستان میں آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پروکٹر اینڈ گیمبل نے پاکستان میں آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
جلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو آگاہ کیا ہے کہ پروکٹر اینڈ گیمبل (P&G) نے ملک میں اپنے کاروباری آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اطلاع جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی جو سیکورٹیز ایکٹ 2015 کی شق 96 اور 131 اور پی ایس ایکس رول بک کی کلاز 5.6.1 کے تحت دی گئی ہے۔
نوٹس کے مطابق The Gillette Company LLC نے جلیٹ پاکستان لمیٹڈ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پی اینڈ جی کے اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پروکٹر اینڈ گیمبل کے عالمی سطح پر جاری ری اسٹرکچرنگ پروگرام کا حصہ ہے، جس میں پورٹ فولیو، سپلائی چین اور تنظیمی حکمت عملی میں تبدیلیاں شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد کمپنی کی ترقی کی رفتار تیز کرنا اور کاروباری قدر میں اضافہ کرنا ہے۔
دوسری جانب مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان میں آپریشن بند کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسیوں میں عدم تسلسل ملک کے لیے مسلسل نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اپریل 2022 کے بعد کا دور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ رہا ہے، اس دوران کئی بڑی اور پرانی عالمی کمپنیاں ملک چھوڑ چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غیر یقینی حالات نے نہ صرف صنعتی سرمایہ کاری کو متاثر کیا ہے بلکہ اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بھی کم ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "ریکارڈ انڈیکس اضافے کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کار مسلسل مارکیٹ سے نکل رہے ہیں۔ صرف جنوری 2025 سے اب تک غیر ملکی سرمایہ کار 248 ملین ڈالر سے زائد کا سرمایہ نکال چکے ہیں۔”
مزمل اسلم نے زور دیا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے واضح اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔
Procter & Gamble to Cease Operations in Pakistan, Shift to Distributor Model


