کراچی: کالعدم تنظیم کے گرفتار دہشت گرد شہاب نے پروفیسر سبط جعفر کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ سنسنی خیز انکشافات پر ملزم کی جے آئی ٹی خطرناک قرار دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کے گرفتار دہشت گرد شہاب عرف چھوٹا نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے جون 2013 میں نعیم بخاری کے اشارے پر ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کو موت کے گھاٹ اتارا۔
سنہ 2013 میں ہی لیاقت آباد تھانے کی حدود میں پروفیسر سبط جعفر کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ پروفیسر سبط جعفر لیاقت آباد گورنمنٹ کالج میں پروفیسر تھے۔
ملزم نے سنہ 2012 میں رضویہ کے علاقے میں ساجد کاظمی اور گلبرگ میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد کے قتل میں مرکزی کرادار ادا کیا۔
شہاب چھوٹا نے گلبہار میں پولیس اہلکار مختار کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔ سنسنی خیز انکشافات کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ملزم کی جے آئی ٹی کو انتہائی خطرناک اور سیاہ قرار دیا ہے۔