کراچی : معروف بلڈر جاوید اقبال کو پولیس یونیفارم پہنے افراد کی جانب سے زبردستی لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن زمزمہ میں معروف بلڈر جاوید اقبال کو پولیس وردی پہنے مسلح افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں سادہ لباس اور پولیس یونیفارم پہنے افراد کو جاوید اقبال کو گاڑی میں بٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اہلخانہ نے بتایا کہ تمام افراد دو گاڑیوں میں آئے جو پولیس موبائل سے مشابہ تھیں، کچھ افراد سادہ لباس میں جبکہ دیگر نے ماسک اور پولیس یونیفارم پہن رکھی تھی، جاوید اقبال کو ان کے دفتر سے زبردستی لے جایا گیا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ کلفٹن تھانے گئے مگر وہاں ان کی درخواست وصول نہیں کی گئی، اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ جاوید اقبال کو کس نے اور کیوں اٹھایا۔
دوسری جانب علاقہ پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایسی کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور ساؤتھ زون پولیس کو بھی واقعے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے۔
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


