اسلام آباد : جائیداد نیلامی سے متعلق فیصلے کے خلاف زلفی بخاری کی ہمشیرہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کے جائیداد نیلامی سے متعلق فیصلے کے خلاف زلفی بخاری کی ہمشیرہ سیدہ سکینہ بخاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج کیس کی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : نیب کا زلفی بخاری کی 800 کنال زرعی اراضی نیلام کرنے کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیدہ سکینہ بخاری نے بابر اعوان کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جائیداد کی بہنوں میں تقسیم سے قبل نیلامی نہیں ہوسکتی۔
احتساب عدالت نے اس سے قبل سیدہ سکینہ بخاری کی جائیداد نیلامی کیخلاف درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔


