پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

جائیداد کا تنازع ! سنگدل پوتے نے دادی کی گردن کاٹ دی

اشتہار

حیرت انگیز

پیرمحل: جائیداد کے تنازع پر سنگدل پوتے نے چھری کے وار کر کے دادی کو قتل کردیا تاہم پولیس نے فرار ہونے والے ملزم ارشد کو چند ہی گھنٹوں میں دھر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پیرمحل کےمحلہ مدینہ بلاک میں جائیداد کے دیرینہ تنازع نے ایک ہنستے بستے گھر کو ماتم کدہ بنا دیا۔

ایک نوجوان نے سفاکی کی انتہا کرتے ہوئے اپنی بزرگ دادی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مدینہ بلاک کی رہائشی بزرگ خاتون سلیمن بی بی، جو مین بازار میں کپڑے استری کر کے محنت مزدوری سے اپنا گزر بسر کرتی تھیں، ان کا اپنے ہی گھر والوں کے ساتھ جائیداد کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت تھا۔

حکام نے بتایا کہ مقتولہ آج عدالت میں پیشی بھگت کر جیسے ہی گھر پہنچی، ان کے پوتے ارشد نے گھات لگا کر حملہ کر دیا، ملزم نے چھری سے دادی کی گردن پر وار کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

زخمی خاتون کو فوری طور پر مقامی ہسپتال اور بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کی اور جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزم ارشد کو چند ہی گھنٹوں میں آلہ قتل سمیت دھر لیا۔

پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں