لاہور: مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور معاشی بحران کے باعث پنجاب میں مارکیٹیں شام 6 بجے بند کرنے کی تجویز سامنے آگئیں تاہم اوقات کار سے متعلق حتمی فیصلہ مریم نواز کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے صوبے میں بڑے پیمانے پر بچت کے منصوبے تیار کر لیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومتی سطح پر بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقاتِ کار کو محدود کرنے پر سنجیدگی سے مشاورت جاری ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تجارتی مراکز کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ، اس تجویز کا بنیادی مقصد پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کے استعمال میں واضح کمی لانا ہے:
ذرائع نے بتایا کہ دن کی روشنی میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے سے بجلی کا استعمال کم ہوگا اور نقل و حمل اور جنریٹرز کے استعمال میں کمی سے پیٹرول و ڈیزل کی بچت ہوگی، جو موجودہ عالمی حالات میں ضروری ہے۔
مشاورتی عمل کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ اوقاتِ کار کی اس تبدیلی سے کاروباری سرگرمیاں اور معاشی پہیہ متاثر ہو سکتا ہے۔
اسی لیے تجویز دی گئی ہے کہ اوقاتِ کار ایسے طے کیے جائیں جس سے کاروباری امور اور معیشت کو کم سے کم نقصان پہنچے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بازاروں اور مارکیٹوں کے نئے شیڈول سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز حتمی فیصلہ کریں گی، جس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


