نیویارک: امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی یروشلم پالیسی کے خلاف سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئےاور امریکی صدر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں نیویارک ٹائم اسکوائر پر سینکڑوں افراد نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کےٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ٹرمپ سے مقبوضہ بیت المقدس کوفلسطین کا دارالحکومت قرار دینا کا مطالبہ کیا،مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھارکھے تھے۔
نیویارک ٹائم اسکوائر پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نےڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اور فلسطین کے حق زبردست نعرے بازی کی۔
اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے فلسطین کودھمکی دی تھی کہ امریکی نائب صدرمائیک پینس سے فلسطینی صدرکی ملاقات منسوخ کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
اسرائیلی فورسزکی شیلنگ اور فائرنگ‘ 31 فلسطینی زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی سیکورٹی فورسزنےشیلنگ اور فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 31 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب امریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طور پر یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔