کراچی : صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے سانحہ گل پلازہ متاثرین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا دکاندار آئندہ عید تک اپنی دکانوں میں کاروبار کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایکسپو سینٹر کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عید بازار میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسد نیازی، زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس کے رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ناصر حسین شاہ اور مرتضیٰ وہاب نے خاص طور پر سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سندھ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ متاثرہ دکانداروں کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے ایکسپو سینٹر میں خصوصی اسٹالز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے خوشخبری سنائی کہ متاثرہ دکاندار اگلی عید تک اپنی اصل دکانوں میں دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے قابل ہو جائیں گے، تب تک ان کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرین کی بھرپور مالی اور اخلاقی مدد کی جائے۔ سندھ حکومت نے اب تک متاثرین کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے ہیں اور تاجر برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے رہنماؤں اور متاثرہ دکانداروں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا، جس کے ذریعے انہیں عید کے سیزن میں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


