پشاور میں رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر کور ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی، مشیر قومی سلامتی، کور کمانڈر پشاور ودیگر نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پشاور میں رواں سال پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی نظم و نسق، پولیس اور اداروں کے زیر نگرانی ماڈل نافذ ہوگا، کامیاب ماڈل خیبر، اورکزئی اور کرم سمیت متاثرہ اضلاع میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
یہ پڑھیں: حیدرآباد کنگز مین نے ٹیم کی جرسی متعارف کروادی
ترقیاتی منصوبوں اور عسکری کارروائیوں کے جائزے کے لیے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کی گئی جو ماہانہ بنیادوں پر سیکیورٹی و ترقیاتی امور کا جائزہ لے گی۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں عوامی نمائندگان، کور کمانڈر، چیف سیکریٹری، آئی جی اور وفاقی نمائندے شامل ہیں، کمیٹی متاثرہ اضلاع میں گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی یقینی بنائے گی، مقامی آبادی کے لیے مستقل آمدنی اور متبادل روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں عارضی بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے موثر انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی یقینی ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


