لاہور (23 مارچ 2026): پاکستان سپر لیگ کو تماشائیوں کے بغیر منعقد کرنے کے فیصلے کے بعد اس کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ کا کے گیارھویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات 26 مارچ سے ہو رہا ہے۔ تاہم پی ایس ایل کو تماشائیوں کے بغیر منعقد کرانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس نئے شیڈول کے تحت پی ایس ایل 11 کے میچز چار شہروں کے بجائے اب صرف دو شہروں کراچی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔
پی ایس ایل کے نئے شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 39 روز تک جاری رہے گا۔ لاہور اور کراچی 44 میچز کی میزبانی کریں گے۔ دونوں اسٹیڈیم میں 22، 22 میچز کھیلے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں 26 مارچ سے 6 اپریل تک 14 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 8 اپریل سے 19 اپریل تک 15 میچز کراچی میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
اس کے بعد پی ایس ایل دوبارہ لاہور منتقل ہوگی جہاں 21 سے 26 اپریل تک پانچ میچز لاہور جبکہ 6 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کا کوالیفائر کراچی میں 28 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پہلا ایلیمنیٹر 29 اپریل اور دوسرا ایلیمنیٹر یکم مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جب کہ فائنل میچ بھی 3 مئی کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پی ایس ایل کی نئی ٹیم حیدرآباد کنگز میکر کے درمیان 26 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران جنگ کے باوجود پی ایس ایل مقررہ وقت پر شروع ہوگا، تاہم خطے کی صورتحال کے باعث ٹورنامنٹ شائقین کے بغیر کرایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



