ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں آج کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹیڈ کے مدمقابل آئے گی اور میچ جیت کر کم بیک کی کوشش کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج ایونٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے۔
آج کے میچ کو جیت کر جہاں کراچی کنگز کم بیک کی کوشش کرے گی وہیں اسلام آباد یونائیٹیڈ بھی ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کے لیے بے قرار ہوگی۔ شائقین کرکٹ آج بھی ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاکرا شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔
میچ کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ 7500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایک ہزار ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز کے ساتھ لیڈیز کمانڈوز اور اہلکار بھی ڈیوٹیاں انجام دیں گی۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی سے 2 رنز سے شکست ہوئی تھی جب کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ آج کے میچ سے ٹورنامنٹ میں اپنا آغاز کر رہی ہے۔