لاہور (12 فروری 2026): پی ایس ایل 11 کی نیلامی مکمل ہونے کے بعد ملتان سے راولپنڈی بننے والی فرنچائز نے بھی اپنی ریٹیشن کا اعلان کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں کھلاڑیوں کی پہلی بار نیلامی گزشتہ روز لاہور میں ہوئی، جس میں 8 فرنچائز نے اپنی پسند کے کھلاڑیوں کی کامیاب بولی دے کر انہیں اپنی ٹیموں میں شامل کیا۔
نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ملتان سلطانز سے راولپنڈی کے نام میں تبدیل ہونے والی فرنچائز کے نئے مالکان نے بھی ان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا، جنہیں ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ٹیم راولپنڈی نے ملتان سلطانز میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے محمد رضوان، سیم بلنگز، زمان خان اور یاسر خان کو برقرار رکھا ہے۔
ٹیم راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق محمد رضوان کو 5 کروڑ 60 لاکھ میں ٹیم میں برقرار رکھا گیا۔ سیم بلنگز کو 3 کروڑ 8 لاکھ میں ٹیم کا حصہ رکھا گیا۔
ان کے علاوہ زمان خان کو ایک کروڑ 12 لاکھ اور یاسر خان کو 60 لاکھ روپے میں ری ٹین کیا گیا۔
واضح رہے راولپنڈی پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی ہے۔ ملتان سلطانز کو نیلامی میں ولی ٹیک کمپنی نے ریکارڈ 245 کروڑ میں کامیاب بولی دے کر خریدا اور اس کا نام تبدیل کر کے راولپنڈی رکھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


