بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

پی ایس ایل 2017، کراچی کنگز اگلے راؤنڈ میں کیسے پہنچے گی؟

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: پی ایس ایل کے کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی تاہم بارش کے باعث اہم میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، رن ریٹ کے حساب سے کراچی کنگز کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات کافی حد تک روشن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث اگر آج کا کھیل متاثر ہوتا ہے تو کراچی کنگز اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرجائے گی تاہم میچ ہونے کی صورت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینا بھی ضروری ہے۔

پی ایس ایل کے اگلے پلے آف راؤنڈ میں تین ٹیمیں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں تاہم چوتھی پوزیشن کے لیے کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ سخت ہے۔

اگر آج کے میچ میں کراچی کنگز کو شکست کا سامنا رہتا ہے تو بھی اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کے لیے سنگاکارا الیون کے امکانات روشن ہیں۔

 کراچی کنگز اگر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتی ہے تو اُسے مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز ہر صورت بنانے ہوں گے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 18 اوور میں 120 رنز تک محدود رکھنا ہوگا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اگر پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو کراچی کنگز کو رن ریٹ بہتر بناتے ہوئے کم از کم 120 رنز کے جواب میں 106 اسکور کرنا ہوگا۔

پڑھیں: ’’ پولارڈ کے دو چھکے، کراچی کنگز نے قلندرز سے فتح چھین لی ‘‘

رن ریٹ کے حساب سے کراچی کنگز کی پوزیشن لاہور قلندرز کے کافی بہتر ہے کیونکہ قلندرز نے اپنے 8 میچ کھیل کر صرف 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور اُن کا رن ریٹ -0.223 ہے جبکہ کراچی کنگز نے ابھی تک صرف 7 میچز کھیل کر 6 پوائنٹس حاصل کیے۔

کراچی کنگز کا ایک میچ باقی ہے جبکہ ان کا رن ریٹ لاہور قلندرز سے بہت بہتر ہے اس لیے سنگاکارا الیون کے پلے آف راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات بہت حد تک روشن ہیں۔

مزید پڑھیں: ’’ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9 رنز سے شکست دے دی ‘‘

دوسری جانب اگربارش کے باعث میچ متاثر ہوگا تو دونوں ٹیموں کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ایک ایک پوائنٹس مل جائے گا اور کراچی کنگز با آسانی اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں