لاہور(26 جنوری 2026): پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان ہوگیا۔
پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کی نیلامی 11 فروری کو ہوگی، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پلیئرز آکشن کی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے، آکشن کے قواعد و ضوابط، کیٹیگریز اور فرنچائز پرس کا اعلان بھی کردیا گیا۔
ورکشاپ میں پاکستان کے ٹاپ کرکٹرز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام شریک ہوئے، ورکشاپ میں آکشن کا طریقہ کار اور قواعد وضوابط وضع کردیے گئے، ایک فرنچائز کم ازکم 16، زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑیوں کا اسکواڈ مرتب کرےگی۔
ہر فرنچائز کے پاس اسکواڈ کی تشکیل کے لیے 45 کروڑ روپے کا پرس ہوگا، ہر فرانچائز کو 5 سے 7 غیر ملکی شامل کرنے کی اجازت ہوگی، پی ایس ایل ٹین میں جلوہ گرنہ ہونے والے ایک غیر ملکی کھلاڑی کو براہ راست سائن بھی کیا جاسکتا ہے۔
بڑے ناموں کی شمولیت کے لیے کرکٹ بورڈ فرنچائزز کے ساتھ تعاون بھی کرےگا، ٹاپ کٹیگری کی بیس پرائس چار کروڑ بیس لاکھ مقرر کی گئی ہے۔دوسری کٹیگری کی دو کروڑ بیس لاکھ اور تیسری کی ایک کروڑدس لاکھ اور چوتھی کی ساٹھ لاکھ پاکستانی روپے رکھی گئی ہے۔
منتخب ہونے والے کھلاڑیوں سے دو سال کا معاہدہ ہوگا، سیزن الیون کے بعد سات کھلاڑی ری ٹین کیے جاسکیں گے جبکہ بارہویں سیزن کے بعد میگا آکشن ہوگی، دو نئی ٹیموں کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں سیزن 26 مارچ سے دھوم مچائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


