لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ کے میچز 22 فروری سے 25 مارچ تک ہوں گے جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے 25 مارچ تک ہوگا اور اس دوران مختلف ٹیموں کے مابین 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور زلمی اور تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز ملتان سلطان کے درمیان ہوگا جبکہ پلے آف 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 3: پی سی بی نے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی
اس ضمن میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ دنیا کے سامنے نیا ٹیلنٹ لانے میں پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن بھی اہم کردار ادا کرے گا، امید ہے شائقین کی بڑی تعداد میچز دیکھنے کے لیے گراؤنڈ آئے گی۔
نجم سیٹھی کے مطابق کراچی کنگز 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ دوسرا میچ 25 فروری کو پشاور زلمی اور 26 فروری کو لاہور قلندرز اور 2 مارچ ملتان سلطان، 4 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے مدمقابل ہوگی۔
علاوہ ازیں کراچی کنگز کا دوبارہ 8 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، 10 مارچ کو ملتان سلطان، 11 مارچ کو لاہور قلندرز، 15 مارچ کو پشاور زلمی اور 16 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹیڈ سے مقابلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں 20 عالمی کرکٹر شامل
پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تھرڈ ایڈیشن کے مقابلے دبئی، لاہور اور کراچی میں منعقد کیے جائیں گے جن میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔
مکمل شیڈول
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں تھیں تاہم تیسرے سیزن میں ایک ملتان سلطان کی چھٹی ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دریں اثناء پہلے دو سیزن میں ٹوٹل 24 میچز منعقد کیے گئے تھے تاہم تیسرے سیزن میں مقابلوں کی تعداد بڑھا کر 34 کردی گئی ہے، ابتدائی دو سیزن کے میچ دبئی میں منعقد کیے گئے تھے جبکہ فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔