کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے وفد نے گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کر کے لاپتہ افراد کے معاملے کو فوری حل کرنے اور مردم شماری کے حوالے سے اپنے تحفظات حل کروانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین کے وفد نے گورنر ہاؤس میں محمد زبیر سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی پی ایس پی رہنما رضا ہارون کررہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں وسیم آفتاب، آصف حسنین بھی شامل تھے، دوران ملاقات سندھ کی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ گورنر سندھ سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں 29 جنوری کے جلسے میں صوبائی حکومت کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کے نکات تفصیلی بیان کیے گئے۔
پڑھیں: کراچی : لاپتہ افراد کیس کی سماعت ، عدالت نے جواب طلب کرلیا
انہوں نے کہا کہ پاک سزمین نے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تیس دن کا وقت دیا ہے، یہ معاملات ہمارے نہیں بلکہ سندھ کے شہریوں کے ہیں۔
رضا ہارون کے مطابق پاک سرزمین پارٹی نے مردم شماری کے حوالے سے گورنر سندھ کو تفصیلی آگاہ کیا اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے مسئلے کو حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا، انہوں نے مزید کہا کہ محمد زبیر نے ہمارے تحفظات کو بغور سننے کے بعد انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔