کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے 21 جولائی کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو باغ جناح میں جلسہ کریں گے، جلسے کا عنوان ’کراچی اب نہیں تو کب‘ ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جلسے میں عوام سے بھرپور شرکت کی درخواست ہے، پانی کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، مہنگائی کے طوفان نے عوام کو دفن ہی کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کا نام لینا بند کردیں، عوام کا اعتماد حکومت پر بحال ہونا چاہئے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سے شہر کے مسائل کے فوری حل کرنے کی شرط پر ہاتھ ملا سکتا ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج ایم کیو ایم، تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ فنکشنل سے تعلق رکھنے والے 140 ذمہ داران نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انسان ٹھیک نہیں ہوسکتا تو کچھ بھی ٹھیک نہیں ہوسکتا ہے، قوم اور شہر کے رکھوالے ٹھیک نہیں تو وہ کیا قوم کو ٹھیک کرسکتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اختیارات کے ساتھ چھ مہینوں میں مسائل حل کردیں گے، ایک ہونے سے نہیں نیک ہونے سے مسائل حل ہوں گے، آپ نیک ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے اپنا اعتماد بحال کرتی پھر جتنا مرضی ٹیکس وصول کرتی تو لوگ خوشی خوشی ٹیکس دیتے، حکومت چوری روک نہیں پارہی ہے اس چوری کی وجہ سے پیدا ہونے والے خسارے کو عام آدمی سے وصول کررہی ہے۔