کراچی (20 ستمبر 2025): آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 29 جون 2020 کو ہونے والے خطرناک دہشت گرد حملے کے پس منظر میں بننے والی ڈاکیومنٹری فلم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایکس پر حملے کی ڈاکیومنٹری نے ہمارے دل جیت لیے۔
آئی جی سندھ نے کہا پولیس مجروموں اور دہشت گردوں کے ساتھ ایک جذبے کے ساتھ لڑتی ہے، لیکن جب پولیس پر تنقید کی جاتی ہے تو ان کا اعتماد متاثر ہوتا ہے، اگر عوام کی طرف سے پذیرائی ملے گی تو ہی پولیس کی جانب سے مزید اچھی کارکردگی آئے گی۔
انھوں نے کہا میں اگرچہ موازنہ نہیں کرنا چاہتا، لیکن یہ کہنا چاہوں گا کہ دیگر ممالک میں پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فلمیں بنتی ہیں، ان پر سیریز بنائی جاتی ہیں اور اس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اس حوصلہ افزائی سے نہ صرف عوام میں ایک مثبت اثر پیدا ہوتا ہے بلکہ پولیس خود بھی اُن کرداروں کو آئیڈلائز کرنے لگتی ہے، اور پولیس اہلکار ان سے متاثر ہو کر مزید اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ راوا فلمز اور اس کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) طارق نے یہ ڈاکیومنٹری فلم بنا کر ہمارے لیے جو کام کیا ہے اس نے ہمارے دل جیت لیے ہیں، انھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر جو کام کیا ہے یہ وقت کی ضرورت ہے، میں اس پر ان کا شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر راوا سندھ پولیس کے مزید کام کرنا چاہتی ہے تو ہم انھیں خوش آمدید کہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راوا ڈاکیومنٹری فلمز کے تحت بننے والی دستاویزی فلم PSX: The Police Story کا ارینا سنیما میں پریمیئر ہوا، جس میں آئی جی سندھ سمیت پولیس افسران اور اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے حملے کو روکنے اور دہشت گردوں کو مارنے والے ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے جوانوں نے بھی شرکت کی۔ یہ دستاویزی فلم RAVA Documentary Films کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی ہے۔
رفیع اللہ میاں گزشتہ 20 برسوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، ان دنوں اے آر وائی نیوز سے بہ طور سینئر صحافی منسلک ہیں۔


