اسلام آباد : پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی راہ ہموار ہوگئی ، پی ٹی اے نے وائی فائی 7 کے لیے 6 گیگا ہرٹز بینڈ کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی 7 کے استعمال کے لیے 6 گیگا ہرٹز بینڈ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک کے ان اولین ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ 6 گیگا ہرٹز بینڈ کی منظوری آئندہ آنے والی تمام وائی فائی جنریشنز کے لیے دی گئی ہے، جو وائی فائی 6 ای کے پہلے سے منظور شدہ معیار کے عین مطابق ہے۔
جدید وائی فائی 7 ٹیکنالوجی نہایت تیز ڈیٹا ریٹس، کم سے کم لیٹنسی اور شاندار کارکردگی فراہم کرے گی۔
یہ نظام گھروں، چھوٹے اور درمیانے کاروباروں، تعلیمی اداروں، صحت عامہ کے مراکز اور اسمارٹ سٹی منصوبوں کے لیے تیز رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی کو یقینی بنائے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق وائی فائی 7 کا نفاذ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس سے صارفین کو عالمی معیار کی تیز ترین انٹرنیٹ سہولیات میسر آئیں گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


