اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کی اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی ہے، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس سماعت کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی نے درخواست میں سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
انہوں نے اپیل کے حتمی فیصلے تک سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی ہے، جسٹس بابر ستار نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف درخواست منظور کی تھی۔
سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی اے ودیگر نے اپیل دائر کررکھی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار نے 99 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی قانونی طور پر درست نہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔
عدالت عالیہ نے چیئرمین پی ٹی اے کو ہٹائے جانے کے بعد اسی ادارے کے سینئر ممبر کو چیئرمین پی ٹی اے کا عارضی چارج دینے کا حکم بھی دیا تھا۔


