اسلام آباد : پی ٹی اے نے پاکستان میں ‘بیگو لائیو’ اور ‘لائیکی’ کی باضابطہ رجسٹریشن کر دی، جس کا مقصد آن لائن مواد کی نگرانی کے نظام کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور فعال بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے معروف سوشل میڈیا اور لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز "بیگو لائیو” (Bigo Live) اور "لائیکی” (Likee) کی ملک میں باضابطہ رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں پلیٹ فارمز کی رجسٹریشن "بیگو سروس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ” کے تحت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ رجسٹریشن "غیر قانونی آن لائن مواد کی روک تھام کے قواعد 2021” کے طے شدہ ضوابط اور آئینی فریم ورک کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
پی ٹی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ اس پیشرفت کا مقصد بیگو کے ساتھ مل کر آن لائن مواد کی نگرانی کے نظام کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور فعال بنانا ہے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
اس اقدام سے پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال اور ملکی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
بیگو لائیو اور لائیکی کی رجسٹریشن کے بعد پی ٹی اے اور ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے درمیان باہمی تعاون کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
پی ٹی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اتھارٹی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ مؤثر رابطوں، شفافیت اور مثبت تعاون کے فروغ پر مسلسل توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔


