اسلام آباد (22 اپریل 2026): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی ادویات کی آن لائن فروخت کے خلاف ایکشن لے لیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی درخواست پر فوری اقدامات کے تحت ان ویب سائٹس اور سوشل میڈیا صفحات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو غیر مجاز اور غیر رجسٹرڈ طبی ادویات کی آن لائن فروخت میں ملوث پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ 6 ادویات ہرگز نہ خریدیں! ہنگامی الرٹ جاری
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے ضروری اقدام کے تحت متعلقہ مواد تک رسائی محدود کر دی ہے، متعلقہ ویب سائٹس نے غیر قانونی مصنوعات کو ہٹانے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ رپورٹ کیے گئے صفحات اور گروپس کی فوری بلاکنگ کا معاملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ فعال طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کی روک تھام کیلیے متعلقہ قومی اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون جاری رکھنے اور قابلِ اطلاق قوانین کے تحت بروقت اقدامات کے حوالے سے پُرعزم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



