اسلام آباد : تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا ، صدرمملکت عارف علوی کے ذریعے پیغام پہنچادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تیاریاں جاری ہیں ، صدر مملکت عارف علوی سے چیئرمین سینیٹ کی ملاقات ہوئی ، جس میں تحریک عدم اعتماد کا معاملہ زیر بحث آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی کو پارٹی کی طرف سے بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا۔
صدر مملکت عارف علوی کے ذریعے صادق سنجرانی کو پیغام دیا گیا کہ عدم اعتماد کی صورت میں چیئرمین سینیٹ کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی پر پارٹی کی طرف سے مستعفی ہونے کے لئے دباؤ ہے تاہم صادق سنجرانی مستعفی نہیں ہوں گے اور عدم اعتماد آئی تو سامنا کریں گے۔
خیال رہے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن تیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر چیئرمین سینیٹ کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ملے گا، یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔