کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی نے سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان بلدیاتی بل میں ترامیم سے متعلق ایک ماہ کے بھرپور احتجاج کے بعد ہونے والے معاہدے کو ڈھونگ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کراچی کے درمیان بلدیاتی بل پر معاہدے کا معاملہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگا ہے، تحریک انصاف نے معاہدے کو دونوں جماعتوں کا سیاسی ڈھونگ قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے بلدیاتی بل معاہدے سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا یہ دکھاوے کی ترمیم اور جعلی خوشیاں جماعت اسلامی کو مبارک ہوں۔
ترامیم معاہدہ کامیابی قرار، نامعلوم افراد کو کسی نے لفٹ نہیں کرائی: حافظ نعیم
بلال غفار نے کہا کہ چند اداروں پر میئر کا برائے نام اختیار ہونا خود میئر کی توہین ہے، تحریک انصاف نے میئر کے لیے معاشی اختیار کی بات کی ہے، ہم بلدیاتی بل مسترد کر چکے ہیں، اس لیے اس میں ترمیم کی گنجائش ہی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی جانب سے بھی اس معاہدے پر سخت تنقید کی گئی ہے، جس پر جماعت اسلامی کے کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کارکنوں کے ساتھ 29 دن کے دھرنے اور سخت جدوجہد کے بعد سندھ حکومت کو مجبور کیا۔
سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان بلدیاتی ترامیم کے معاہدے پر دیگر جماعتیں تشویش میں مبتلا
رکن رابطہ کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کی چال بازی کا شکار ہو گئی، جماعت اسلامی نے اپنے حصے کی بوٹی کے لیے بلدیات کا بکرا کاٹ دیا ہے، معاہدے پر کل رات کے اندھیرے میں دستخط ہوئے۔
خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی نے حافظ نعیم صاحب کو ماموں بنا دیا، وہ اپنا ندامتی بیان ابھی سے لکھ کر رکھیں، کیا جماعت اسلامی نے نعمت اللہ صاحب کے دور کا نظام منوا لیا؟ انھوں نے کہا اتنی آسانی سے اتنی پرانی جماعت کیسے پی پی کے جھانسے میں آ گئی؟ جب کہ اے این پی اور جی ڈی اے سمیت اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی کو ہری جھنڈی دکھائی۔