اسلام آباد: پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں جارحیت روکنے کے لیے اہم فیصلے کرلیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے پی ٹی آئی ارکان کی اسمبلی رکنیت معطل ہوگی، بانی کی تصاویر پر ایوان پر لانے والے پی ٹی آئی ارکان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کا تقدس یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کریں گے۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ پیر یا منگل کے روز پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر کو خط ارسال کریں گے جس میں ایوان میں دی گئی رولنگ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی اور غیرجمہوری، غیرقانونی طرز عمل پر کارروائی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ریاست اور اداروں کے خلاف پی ٹی آئی کا شرمناک رویہ ناقابل برداشت ہے، میری رولنگ سیاسی نہیں، آئین و قانون کا واضح تقاضا تھی، رولنگکی روشنی میں پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر کو باضابطہ خط لکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ خط کی کاپنی تمام پارلیمانی لیڈروں کو بھی بھجوائی جائے گی، اداروں پر حملہ، تنازع اور انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رولنگ پر سختی سے عملدرآمد ہوگا، کوئی رعایت نہیں ہوگی، اب تک برداشت کیا، آئندہ خلاف ورزی پر سینیٹرز کی رکنیت معطل ہوگی، مسلسل خلاف وررزی پر رکنیت طویل مدت کے لیے بھی معطل ہوسکتی ہے۔
زاہد حسین مشوانی اے آر وائی نیوز کے سینئیر صحافی ہیں ،پارلیمنٹ ،انتخابات ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ مذہبی اور سیاسی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔


