میرپورآزادکشمیر : تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی سے پاکستان سے کرپٹ ترین بادشاہت کا خاتمہ اور نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، پوری قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہوچکی ہے، نواز شریف کو قومی دولت لوٹنے اور کشمیریوں سے غداری کی سزا ملی ہے۔
میرپورآزادکشمیر میں چوک شہیداں میں پی ٹی آئی کے یوم تشکر کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ھوے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ نواز شریف کو قومی دولت لوٹنے اور کشمیریوں سے غداری کی سزا ملی ہے، نواز شریف اور نریندر مودی کشمیریوں کے قاتل ہیں، آزادکشمیر کے عوام آج یوم تشکر منارہے ہیں۔
بیرسٹر سلطان نے کہا کہ شریف خاندان کی بادشاہت کا خاتمہ اور عوامی دور کا آغاز ہوچکا ہے، عمران خان جلد آزادکشمیر آرہے ہیں کارکنان اسلام آباد پریڈ گراونڈ کے جشن میں بھرپور شرکت کریں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے آزادکشمیر کے انتخابات میں دھاندلی سے عوام کا مینڈیٹ چرایا تھا اور اب نواز شریف کی نااہلی کےبعد آزادکشمیر سے نواز شریف کی مسلط حکومت بھی اب چند دنوں کی مہمان ہے۔
اس موقع پر کارکنوں نے ڈھولوں کی تھاپ پر رقص کیا، نواز شریف اور نریندر مودی کے خلاف کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے، جلسہ عام میں شرکت کیلئے ضلع میرپور سے کھلاڑیوں کے قافلے بھنگڑے ڈالتے اور نعرے لگاتے جلسہ گاہ آتے رہے۔