کراچی : تحریک انصاف نے عامر لیاقت کے انتقال کے سبب خالی نشست پر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ، این اے 245 میں پولنگ27جولائی کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے سبب خالی ہونے والی این اے245کی نشست پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے این اے245میں ضمنی انتخاب کاشیڈول جاری کردیا ہے ، این اے 245میں پولنگ27جولائی کوہوگی جبکہ ضمنی انتخاب کے کاغذات نامزدگی 22 سے 24 جون تک جمع ہوں گے۔
یاد رہے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن 11 اگست سے قبل ہوں گے۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین نے 2018 کے عام انتخابات میں این اے 245 پر ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دے کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
گذشتہ روز کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کی نشست پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ہوئی تھی ، جس میں ایم کیو ایم نے میدان مار لیا۔
مذکورہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔