تازہ ترین

منحرف ارکان اسمبلی کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی کیخلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق منحرف ارکان اسمبلی کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیلیوں پر جسٹس عمرعطابندیال نے 3 رکنی بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 19 جولائی کو پی ٹی آئی کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے مقدمے کے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا ریفرنس خارج کردیا تھا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمشین کے فیصلے کیخلاف ارکان اسمبلی کی ڈی سیٹنگ کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے درخواست وکیل فیصل چوہدری کے توسط سے دائر کی تھی، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز کو خارج کیا، جو کہ غیر آئینی فیصلہ ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے، پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز خارج ہوئے، الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کے لیے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔عمران خان نے درخواست میں الیکشن کمیشن اور راجا ریاض کو فریق بنایا ہے۔

Comments

- Advertisement -