لاہور : بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کی پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا اور کہا کوئی بھی رکن ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ انتخابات کی پولنگ بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بانی تحریک انصاف کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جنہوں نے پہلے ہی کسی بھی ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتیں بھی پولنگ میں حصہ لینے کے لیے نہیں جائیں گی۔
ڈپٹی اپوزیشن لیڈر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا۔”
معین قریشی نے مزید وضاحت کی کہ ارکان کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ آج پولنگ میں حصہ نہ لیں، اور وہ نشستیں جہاں ہمارے ارکان کو نااہل کیا گیا ہے، ان پر ہونے والے انتخابی عمل میں پی ٹی آئی حصہ نہیں لے گی۔
خیال رہے پنجاب اسمبلی ہال میں سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے پولنگ کا عمل جاری تھا، یہ نشست سینیٹ رکن اعجاز احمد چوہدری کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جنہیں 9 مئی کیسز میں سزا سنائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں : سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب: رانا ثنا اللہ اور پی ٹی آئی کی سلمیٰ اعجاز کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع
خالی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور اپوزیشن جماعتوں کی متفقہ امیدوار سلمی اعجاز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع تھا۔
سینیٹر منتخب ہونے کے لیے امیدوار کو 180 ووٹ درکار ہیں ، پنجاب اسمبلی میں ن لیگ 229 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ (ق) کے 11، استحکام پارٹی کے 7، تحریک انصاف کے 24، سنی اتحاد کونسل کے 73، جبکہ مسلم لیگ ضیا، تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت المسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے۔
پنجاب اسمبلی کی مجموعی نشستیں 371 ہیں تاہم پی ٹی آئی کے 6 ارکان نااہل قرار دیے جاچکے ہیں، میاں اسلم اقبال نے تاحال حلف نہیں اٹھایا اور پی پی-269 سے میاں علمدار عباس پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


