کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کو اوپر لانا ان کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کا کوئی بھی امیدوار دو نمبری کرے گا تو اسے جیل میں ڈالوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے علاقے جوہر چورنگی اور گلشن اقبال پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کہا دو جماعتیں تیس سال سے کراچی اور سندھ پر حکومت کر رہی ہیں، آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔
عمران خان نے کہا کراچی میں 30 سال پہلے دبئی کے شیخ آکر چھٹیاں گزارتے تھے، لیکن آج ہمارے بزنس مین کراچی سے دبئی جا رہے ہیں، کراچی کو ایسا شہر بنائیں گے کہ لوگ دنیا سے نوکریاں مانگنے آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے پر 10 سال پہلے سوچا جانا چاہیے تھا، ہم پانی کے مسئلے کا حل لے کر آرہے ہیں، لوگوں کے لیے سمندر کے پانی کو پینے کے پانی میں تبدیل کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں کراچی کے مسائل حل نہیں کرسکیں، ہم کراچی کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔
عمران خان 2 روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے
عمران خان نے مزید کہا یہاں جو کوڑا کرکٹ ہے اسے بجلی میں تبدیل کریں گے، پانی سے بھی سستی بجلی پیدا ہوتی ہے، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں، عوام تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔
خیال رہے عمران خان ان دنوں پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ملک بھر کے دوروں پر ہیں، کراچی میں دو روزہ دورے کے دوران وہ مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب اور اہم لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔