اسلام آباد : تحریک انصاف نے الیکشن ترمیمی ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، جس میں سپریم کورٹ سے ترمیمی ایکٹ کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کیخلاف درخواست دائر کردی، بیرسٹر گوہر نے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔
سلمان اکرم کی وساطت سےآرٹیکل 184تھری کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی ، درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ تحریک انصاف مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکی ہے، 12 جولائی کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے الیکشن ترمیم ایکٹ کالعدم قراردینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ایکٹ کوغیر آئینی وغیرقانونی قراردیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کومخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روکاجائے اور خواتین واقلیت کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیں۔


