کراچی (9 جنوری 2026) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ چار روزہ دورہ سندھ پر کراچی پہنچ گئے پارٹی رہنماؤں کے علاوہ سندھ کے وزیر سعید غنی نے استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کئی گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ کے پی کابینہ کے اراکین اور پی ٹی آئی کے پارلیمنٹرین بھی ہیں۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل، کراچی کے صدر راجا اظہر سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی ان کا استقبال کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ کے پی کو پارٹی کارکنوں کے جھمگٹ کے ساتھ قافلے کی صورت میں انصاف ہاؤس لے جایا گیا ہے، جہاں وہ پارٹی کی مقامی قیادت اور منتخب نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ کے پی کی آمد سے قبل ایئرپورٹ کے احاطے میں ان کے استقبال کے لیے آئے ہوئے پارٹی کارکنان آپس میں لڑ پڑے۔ کارکنوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور مکوں سے حملہ کیا۔ پارٹی کی مقامی قیادت اور دیگر لوگوں نے ان کا بیچ بچاؤ کرایا۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی اپنے چار روزہ دورہ سندھ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاات، پریس کلب کراچی کا دورہ، انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقات، حیدرآباد بار اور پریس کلب میں خطاب، آئی ایس ایف کنونشن، سندھ کابینہ اور دیگر معززین سے ملاقاتوں کے علاوہ اتوار 11 جنوری کو مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
ان کے دورہ سندھ کے حوالے سے کے پی حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ سندھ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کے لیے اہم ہے، وہ حیدرآباد اور کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے۔
پی ٹی آئی اتوار کو باغ جناح میں جلسہ کر سکے گی یا نہیں؟ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا


