ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کا دہشتگرد حملے میں فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملوں کی مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی نے دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 7 بہادر سپوتوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے پر فورسز کے بہادر جوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلیے قوم اور افواج کے بہادر جوانوں نے قربانیاں پیش کیں، پاکستانی قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم اتحاد اور ثابت قدمی سے دشمنوں کو شکست فاش دینے کیلیے پُرعزم ہے، شہدا ہمارے ہیروز اور کسی سیاسی و گروہی تقسیم کے بغیر قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔

گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

میر علی میں 6 دہشتگردوں کے ایک گروپ نے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

اس ناکامی پر دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی تھی جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے بھی ہوئے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں مٹی کے 7 بہادر سپوت شہید ہوگئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں