اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 چیلنج کرنے کا فیصلہ ، درخواست تیار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پی ٹی آئی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 چیلنج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست تیار کرلی ، جو لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کے خلاف باضابطہ طور پر درخواست تیار کرلی ہے، جسے جلد لاہور ہائی کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔

شیخ امتیاز محمود، اعجاز شفیع، منیر احمد اور میاں شبیر اسماعیل کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جو صدر، وزیراعظم، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجوزہ ایکٹ کی کئی شقیں آئین کے آرٹیکل 17، 32 اور 140-اے سے متصادم ہیں ، قانونی ماہرین کی جانب سے تیار کیے گئے تفصیلی اعتراضات حکومت کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ غیر جماعتی ماڈل سے سیاسی جماعتوں کا کردار کمزور ہوگا، جب کہ مقامی نمائندوں کی جگہ انتظامی افسران کا کنٹرول اختیارات کو متاثر کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنما اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ غیر جماعتی اور ایک ووٹ ملٹی ممبر یونین کونسل ماڈل پر شدید تحفظات ہیں، غیر معینہ مدت تک ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا اختیار غیر آئینی ہے۔

نمائندگی کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ یونین کونسل چیئرمین کے براہِ راست انتخاب کی بحالی کی جائے، بلدیاتی نظام کے لیے پانچ سالہ مدت اور واضح انتخابی شیڈول لازمی قرار دیا جائے۔

درخواست گزاروں نے کہا ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ میں اعلامیہ اور حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کریں گے تاکہ بل پر عمل درآمد کو روکا جا سکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں