ووٹر لسٹوں میں مبینہ ردوبدل، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی

انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کی مبینہ ردوبدل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کی مبینہ ردوبدل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ دھاندلی کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور سیالکوٹ میں ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری کی مبینہ کوشش کے ثبوت مل گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے حلقے میں دھاندلی کی کوشش پکڑی گئی ہے جہاں الیکشن کمیشن کا عملہ ن لیگ سے مل کر دھاندلی کی منصوبہ بندی کرتا پکڑا گیا ہے، انہوں نے اس مبینہ دھاندلی کی کوشش کی فوٹیجز بھی جاری کردی ہیں۔
عثمان ڈار کا اپنے ٹوئٹس میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ہمارے کارکنان کے ووٹ ایک سے دوسری جگہ منتقل کرتا پکڑا گیا، ووٹر لسٹوں میں فوت ظاہر کئے گئے افراد زندہ نکل آئے، عمران خان نے الیکشن کمیشن اور ن لیگ گٹھ جوڑ پر پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کینٹ میں الیکشن کمیشن عملے کو 3 لیگی اراکین کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا، جہاں الیکشن کمیشن کا عملہ پی ٹی آئی کے ووٹ بغیر تصدیق شفٹ کر رہا تھا اور عملہ شناختی کارڈ کی کاپیاں لگائے بغیر خود دستخط کر رہا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے ٹوئٹ میں بتایا کہ خواجہ آصف کواسی حلقے میں 2018 کا الیکشن ہرا چکے ہیں، الیکشن کی رات خواجہ آصف نے کس کو ٹیلی فون کیا تھا پوری قوم جانتی ہے، اب یہی خواجہ آصف الیکشن کمیشن عملے سے مل کر منظم دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، معاملے پر عمران خان کو اعتماد میں لیا ہے اور عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاملے سے پارٹی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کر دیا گیا ہے،خواجہ آصف اسی حلقے میں 2018 کا الیکشن چرا چکے ہیں، اب ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے عملے سے مل کر منظم دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے ویڈیو ثبوت نہ صرف قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے بلکہ عدالت سے بھی رجوع کرینگے
2/2 pic.twitter.com/Tq8vzuDPcd— Usman Dar (@UdarOfficial) June 28, 2022
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے لیگ کا ونگ بن کر منظم دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے اور چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، خدشہ ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں بھی دھاندلی کرائی جائیگی۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ٹوئٹ میں پرزور مطالبہ کیا ہے کہ منتقل کئے گئے ووٹوں کی بائیو میٹرک تصدیق کرائی جائے۔