اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے سرکاری حج اسکیم میں 16 ہزار درخواستوں کی ہرا پھیری پر فی الفور وضاحت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزارت حج سے سرکاری حج اسکیم میں ہرا پھیری کے معاملے پر فی الفور وضاحت کا مطالبہ کردیا ہے۔
سابق وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حج کے شفاف، معیاری انتظامات وزارت کا بنیادی فریضہ ہے، امپورٹڈحکومت کی صفوں میں حج پر ہاتھ صاف کرنیوالے مصدقہ ڈاکو ہیں۔
نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حج پالیسی کی وفاقی کابینہ سے منظوری اہم تقاضا ہے، یہ اعزاز امپورٹڈ سرکار کوملاکہ پہلی بارحج پالیسی کابینہ سے منظور نہیں ہوئی۔
سابق وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو سیاسی جماعت کے فرزند کی مرضی پر چھوڑ دیا گیا ،مذہبی امورکی وزارت ایک کیساتھ ایک مفت کے فارمولے پرعنایت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری حج اسکیم میں 16 ہزار کی ہرا پھیری کی اطلاعات قابل تشویش ہیں، ایک جانب کہا جارہا ہے 81132 افراد کا کوٹہ حکومت پاکستان کو دیا گیا اور اخبارات کی شہ سرخیاں ہیں کہ 32253 افرادحج کی سعادت حاصل کریں گے۔
نور الحق قادری نے مزید کہا کہ 16ہزار درخواستوں کو نجی شعبے میں بیچ کر جیبیں بھرنے کی تیاریاں ہیں، ضمیر فروشی کی بنیادپر استوار حکومت کوحج بیچنے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔
سابق وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار فوری وضاحت کرے ورنہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔