اسلام آباد: تحریک انصاف نے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میں عوام کے مفت داخلے کا مطالبہ کردیا۔ تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا مقصد عالمی دنیا کو دہشت گردی کے خلاف پیغام دینا ہے تو پھر حکومت داخلہ ٹکٹ مہنگی کیوں ہے؟
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء نے عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کر کے دہشت گردی سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے تو پھر فائنل کے ٹکٹ مہنگے کیوں ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ پی ایس ایل فائنل کے لیے عوام کو سہولیات فراہم کرتے ہوئے مفت داخلے کی اجازت دے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام میچ دیکھ سکیں۔
پڑھیں: ’’ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں کرائیں گے، شہریار خان ‘‘
یاد رہے پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دو روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل کے ٹکٹ کی فروخت کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ نے ٹکٹ کی فروخت شروع کرنے میں ایک دن آگے بڑھا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’’ پی ایس ایل فائنل: فوجی جوانوں نے قذافی اسٹیڈیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا ‘‘
خیال رہے پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے وقت ہی نجم سیٹھی نے فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا، دہشت گردی کی حالیہ لہر کے باوجود پنجاب اپیکس کمیٹی نے طویل اجلاسوں کے بعد سفارش وزیر اعظم کو ارسال کی جس کے بعد میاں محمد نواز شریف نے فائنل ہر صورت لاہور میں کروانے کا اعلان کیا۔
قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیہ جاری کی گیا ہے جس میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد پر سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کی ہے اور پاکستان آرمی کو جہاں بھی ذمہ داری دی جائے گی وہ ملک کی خاطر اُسے ہرصورت پورا کریں گے۔