اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی جماعت کے سربراہ عمران خان کا قوم سے خطاب براہ راست دکھانے کے انتظامات کیے جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن نعیم الحق کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اتوار کی شام چار بجے قوم سے خطاب کریں گے جس کی براہ راست کوریج کی درخواست کی گئی ہے۔
’’پی ٹی وی ایک قومی اثاثۃ ہے اور یہ کسی ایک شخص یا خاندان کی تعریف کرنے کے لیے نہیں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کی طرح ہر پاکستانی کا پی ٹی وی پراتنا ہی حق ہے‘‘۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی جماعت کے وزراء نے پنامہ پیپرز کے معاملے پر عوام کو گمراہ کیا ہے اور شوکت خانم اسپتال کے بارے میں بھی غلط بیانی کی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کو پی آئی ڈی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کی اجازت دی جہاں اس سے قبل محض حکمران جماعت کو ہی پریس سے خطاب کی اجازت ملا کرتی تھی۔
کہا جارہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک اپوزیشن کی جماعت کو پی آئی ڈٰی میں پریس کانفرنس کی اجازت دی گئی ہو۔