اسلام آباد: تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے شریف خاندان کے پانچ افراد کے کاغذات نامزدگی کے نقول فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء محمد مدنی نے دستاویزات حاصل کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو باضابطہ درخواست جمع کروادی ہے۔
درخواست میں حلقہ این اے 120 میاں محمد نواز شریف ، پی پی 159، حمزہ شہباز این اے 119 اور کیپٹن صفدر کے حلقے این اے 21 کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات کی نقول فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماء نے الیکشن کمیشن سے اسحاق ڈار کی سینٹ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جمع کرائے گئے کاغذات کی نقول فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
محمد مدنی نے مزید بتایا کہ کاغذات کے حصول کے بعد اس کی باقاعدہ تحقیقات کی جائے گی اور آئین کے آرٹیکل باسٹھ، تریسٹھ کے تحت الیکشن کمیشن سے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ نشستوں پر لیگی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن میں بیان کی گئی تفصیلات حقائق سے برعکس ہیں۔
واضح رہے پانامہ لیکس میں شریف فیملی کی آف شور کمپنیز کے انکشاف کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان پر استعفیٰ کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔